نئی دہلی(سچ نیوز) اداکارہ سونالی بیندرے اور اداکارہ عرفان خان کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے اور اب بالی ووڈ کی ایک اور سینئر ترین اداکارہ کو بھی کینسر لاحق ہو گیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یہ اداکارہ نفیسہ علی ہیں جو فلم اور تھیٹر میں طویل اور تابناک کیریئر رکھتی ہیں۔ گزشتہ دنوں 61سالہ نفیسہ علی میں کینسر کی تشخیص ہوئے اور ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کا مرض شدید ہے اور تیسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق نفیسہ علی 1957ءمیں مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 1979ءمیں فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔ ان کی پہلی فلم جنون تھی جس میں انہوں نے ششی کپور کے مدمقابل کام کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے میجر صاحب، لائف ان اے میٹرو، یملا پگلا دیوانہ اور صاحب بیوی اور گینگسٹر3جیسی سپرہٹ فلموں میں کام کیا۔ بعدازاں وہ سیاست کے میدان میں بھی آ گئیں۔ 2009ءمیں انہوں نے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا اور ان دنوں وہ کانگریس پارٹی سے منسلک ہیں۔