سری نگر(سچ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں 5 اہلکار ہلاک اور 1 زخمی ہوگیا جب کہ جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں اننت ناگ سے گزرنے والے بھارتی سیکیورٹی فورس (سینٹرل ریزرو پولیس فورس) کے قافلے پر 2 مسلح افراد نے فائرنگ کردی، ملزمان فائرنگ کے بعد فورسز کی گاڑی پر دستی بم بھی پھینک گئے۔حملے کی زد میں آکر2 اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ 3 نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا، ایک اہلکار شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے، فائرنگ سے سیکیورٹی فورس کی حفاظت پر مامور اننت ناگ تھانے کے ایس ایچ او ارشد ملک بھی شدید زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس کے مطابق بھارتی پولیس کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورس کے قافلے پر حملہ کرنے والے دو ملزمان میں سے ایک جوابی فائرنگ میں مارا گیا جب کہ دوسرا زخمی حالت میں فرار ہو گیا جس کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ تاحال کسی شدت پسند جماعت نے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں پولیس نے علیحدگی پسند مسلح افراد کیخلاف چھاپہ مار کارروائی کی تھی اور حالیہ واقعہ اسی کا ردعمل ہوسکتا ہے۔