اسلام آباد (سچ نیوز) کرتا ر پور راہداری کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آگئی ، بھارت نے کرتار پور راہداری کیلئے زیرو پوائنٹ مقرر کر دیا۔نجی ٹی وی دنیا نیوز نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی پنجاب کے ضلع گورداس پورکاعلاقہ ڈیرہ بابا نانک کرتار پور راہداری کیلئے زیروپوائنٹ ہوگا اور یہی راہداری کیلئے عالمی سرحد تصور ہوگا۔ بھارتی حکومت نے مسافر ٹرمینل بلڈنگ کمپلیکس کی منظوری بھی دے دی ہے جس میں سکھ یاتریوں کوسہولیات فراہم کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق ٹرمینل کے قریب ہی چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی، ٹرمینل اور چیک پوسٹوں کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے گا۔ ٹرمینل کیلئے 50 ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے جس پر کام 2 مرحلوں میں مکمل ہوگا، پہلے مرحلے میں 15 ایکڑ زمین پر کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں یاتریوں کوہسپتالوں اور رہائش کی سہولیات دی جائیں گی۔ذرائع نے بتایا کہ ٹرمینل پر روزانہ 5 ہزار یاتریوں کو کسٹم اور امیگریشن کی سہولیات ملیں گی، مسافر ٹرمینل کمپلیکس پر 190 کروڑ بھارتی روپے لاگت آئے گی۔






