نئی دہلی(سچ نیوز)بھارت میں مسلم میرج پروٹیکشن ایکٹ کے نفاذ کے بعد کی جانے والی اپنی نوعیت کی پہلی کارروائی میں ریاست اتر پردیش میں وزیراعلیٰ یوگی ادیتیہ ناتھ کے حکم پر پولیس نے ایک مسلمان شخص کو اپنی بیوی کو بیک وقت تین طلاق دینے پر گرفتار کر لیا ہے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق مالپورہ ایریا کی رہائشی خاتون ترنم بیگم نے وزیر اعلیٰ یوگی کو شکایت کی کہ ایک مدرسہ میں ٹیچر کے طور پر کام کرنے والے اس کے شوہر ذکی الرحمان کے ساتھ اس کے شادی پانچ سال قبل ہوئی جس کے بعد ان کے ہاں تین بچے پیدا ہوئے۔ اس کا شوہر اس پر بے حد ظلم کرتا رہا ہے جب کہ ایک ہفتہ قبل اس نے اسے ایک ہی وقت میں تین طلاق دے دی ہے جس کے بعد اس نے اسے دھکے مار کر گھر سے نکال دیا ہے جب کہ اس نے مدرسہ کی ایک لڑکی کے ساتھ دوسری شادی کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ترنم بیگم کی درخواست پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس کو ذکی الرحمان کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے دیاجس کے بعد پولیس نے ذکی الرحمان کو گرفتار کرلیا ہے۔