جمعیت علمائے پاکستان کو عمران خان کی حمایت کا اعلان کرنا مہنگا پڑ گیا ، پارٹی سیکرٹری جنرل نے قاری زوار بہادرکے خلاف بغاوت کر دی

جمعیت علمائے پاکستان کو عمران خان کی حمایت کا اعلان کرنا مہنگا پڑ گیا ، پارٹی سیکرٹری جنرل نے قاری زوار بہادرکے خلاف بغاوت کر دی

کراچی (سچ نیوز) جمعیت علمائے پاکستان(قاری) کے سکریٹری جنرل محمد ہاشم صدیقی ایڈووکیٹ نے الیکشن 2018 میں پارٹی سربراہ قاری زوار بہادر کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بلا مشاورت ملاقات اور حمایت کا اعلان کرنے پر پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق مولانا شاہ احمد نورانی مرحوم  کے قریبی ساتھی اور جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل  محمد ہاشم صدیقی ایڈووکیٹ نے پارٹی پالیسیوں سے ناراضگی اور بغیر مشاورت اہم فیصلے کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان (قاری)کی بنیادی رکنیت اور عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جے یو پی میں اب مشاورت جیسا اہم عمل پس پشت ڈال دیا گیا ہے ،لاہور میں قاری زوار بہادر جماعتی ارکان کی مشاورت کے بغیر  فیصلے کرتے ہیں ،ایسے میں ان کے لئے ممکن نہیں کہ وہ جمعیت علمائے پاکستان کے پلیٹ فارم پر کسی عہدے پر کام کر سکیں ،قاری زوار بہادر نے الیکشن 2018 میں پارٹی  کی شوری اور عاملہ کو اعتماد میں لئے بغیر  تحریک انصاف اور این اے 131 میں عمران خان کی حمایت کا اعلان کیا ،قاری زوار بہادر نے ایسے اہم فیصلوں میں جماعت کی مرکزی قیادت کو اعتماد میں لینا بھی گوارا نہیں کیا ۔انہوں نے کہا  کہ  اب انکا جمعیت کے کسی بھی گروپ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔واضح رہے کہ 20 جولائی کو قاری زوار بہادر نے عبد العلیم خان کے دفتر میں عمران خان سے ملاقات  کرتے ہوئے انتخابات میں تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا تھا ۔

Exit mobile version