دبئی( سچ نیوز ) متحدہ عرب امارات کی رہائشی2 بھارتی لڑکیوں نے7 روز تک کپ کیک فروخت کرکے رقم کیرالہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے وزیراعلی ریلیف فنڈ میں جمع کروا دی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں مقیم دو بھارتی نژاد کم عمر بہنوں نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ جنوب بھارتی ریاست کیرالہ میں سیلاب متاثرین کے لیے ایک ہفتہ کپ کیک فروخت کرکے رقم عطیہ کی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دونوں بھارتی لڑکیوں کو دیکھ کر دبئی میں مقیم متعدد طالب علموں اور اساتذہ کی جانب سے کیرالہ کے سیلاب متاثرین کے لیے چندہ جمع کیا جارہا ہے۔اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دبئی کے صفا کمیونٹی اسکول کے گریڈ 5 میں زیر تعلیم 9 سالہ کرشنا اور 7 سالہ میرایا راجہ گوپالن نے اپنے طریقے سے سیلاب متاثرین کی معاونت کے لیے رقم جمع کی اور اپنے والدین کے ذریعے وزیر اعلی ریلیف فنڈ میں بھیج دی۔