لاہور (سچ نیوز )مسلم لیگ ن کے رہنما رانا محمد افضل نے کہاہے کہ پیپلز پا رٹی کے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے سے اپوزیشن میں دراڑ پڑ گئی ، اس سے حکومت کوفائدہ پہنچ رہاہے اور ان کا صدر منتخب ہوجائے گا ۔
سماءنیوز کے پروگرام ”آواز “ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا محمد افضل نے کہا کہ اگر اپوزیشن اکٹھی ہوتی تو صدارتی امیدوار کیلئے ہمار ے امیدوار کے جیتنے کے بڑے امکانات تھے لیکن پیپلز پارٹی کے اعتزا ز احسن کو نامزد کرنے کی وجہ سے اپوزیشن میں دراڑ پڑ گئی ۔ اس سے لگتاہے کہ پیپلز پارٹی کی کچھ مجبوریاں ہیں ۔ اس سے حکومت کو فائدہ پہنچ رہاہے اور ان کا صدر بن جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صدر کیلئے خفیہ رائے شماری ہونا تھی اس لئے اگر اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار آجاتا تو ہوسکتا تھا کہ تحریک انصاف کے کچھ لوگ ضمیر کے آواز پر ووٹ ڈال دیتے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن الیکشن میں دھاندلی کے ایجنڈے پر متفق ہے اور اس میں کوئی دورائے نہیں ہیں ۔ اس پر اپوزیشن حکومت کو ٹف ٹائم دیگی ۔انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے ہم آگے بڑھیں گے مثبت کردار ادا کریں گے