ممبئی(سچ نیوز) چند ہفتے قبل فلم ’عاشق بنایا آپ نے‘ سے شہرت پانے والی بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے لیجنڈ ناناپاٹیکر پر 2008ءمیں جنسی ہراسگی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا تھا جس پر بالی ووڈ میں ہنگامہ برپا ہو گیا لیکن اب پولیس نے اس کیس کی تفتیش میں حیران کن انکشاف کرکے اداکارہ کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ٹائمز آ انڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اداکارہ تنوشری دتہ نے ناناپاٹیکر پر جھوٹا الزام عائد کیا تھا اور دانستہ طور پر ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروایا۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ نے جن اداکاروں اور فلم کے عملے کے متعلق بتایا تھا کہ وہ جنسی ہراسگی کے واقعے کے متعلق فلم کے سیٹ پر موجود تھے، پولیس نے ان تمام سے رابطہ کیا لیکن ان تمام نے اپنے بیانات تنوشری دتہ کے الزام کو جھوٹ کہا ہے اور بتایا ہے کہ انہوں نے فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کی شوٹنگ کے دوران ناناپاٹیکر کو کبھی تنوشری دتہ کو قابل اعتراض انداز میں چھوتے ہوئے نہیں دیکھا۔دوران تفتیش پولیس کو ناناپاٹیکر کی طرف سے تنوشری دتہ کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بنانے کا ایک ثبوت بھی نہیں ملا۔ چنانچہ اس کا الزام جھوٹ لگتا ہے۔
پولیس نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی بتایا ہے کہ تنوشری دتہ کا الزام انتقاماً بھی ہو سکتا ہے۔ جب یہ واقعہ ہوا اس وقت اداکارہ کے باپ کی طرف سے پولیس کو ایک رپورٹ درج کروائی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ اداکارہ نے فلم کے ڈائریکٹر کو ایک سین تبدیل کرنے کو کہا، جب ہدایت کار نے انکار کیا تو اداکارہ شوٹنگ چھوڑ کر چلی گئی۔ اتنے سالوں بعد اب اداکارہ کی طرف سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں درج کروایا گیا ہے کہ سیٹ پر ناناپاٹیکر نے اسے جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا تھا اور جب وہ سیٹ چھوڑ کر جا رہی تھی تو بیرونی دروازے پر ناناپاٹیکر کے حامیوں اور ایم این ایس پارٹی کے ورکرز نے اس کی گاڑی پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی تھی۔
پولیس کی اس رپورٹ پر اداکارہ تنوشری دتہ کا کہنا ہے کہ ”ناناپاٹیکر کلین چٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پولیس نے اپنی رپورٹ میں جو کچھ لکھا ہے وہ شرمناک ہے۔ میں پہلے ہی کہہ چکی ہوں کہ اس کیس سے جڑے تمام گواہوں کو دھمکیاں مل رہی ہیں اور انہیں بیانات دینے سے روکا جا رہا ہے۔ چنانچہ 10گواہوں میں سے صرف ڈیڑھ گواہ کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔“ واضح رہے کہ تنوشری دتہ نے ناناپاٹیکر پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کے ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران انہیں جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا۔ اس گانے میں اداکارہ کو اکیلے پرفارم کرنا تھا لیکن جب شوٹنگ شروع ہوئی تو ناناپاٹیکر بھی آ گئے اور شوٹنگ کے دوران اداکارہ کو سٹیپ بتانے کے بہانے قابل اعتراض انداز میں چھوتے رہے۔