لاہور (سچ نیوز)تجزیہ کار ایاز میر نے کہاہے کہ علیم خان تحریک انصاف کی نمایا ں اے ٹی ایم تھے ،ہو سکتاہے کہ الزامات کے باوجود تحریک انصاف کیلئے ان کی خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیاہوکہ علیم خان کوہر حال میں صوبائی کابینہ میں جگہ دینی ہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ایاز میر نے کہا کہ علیم خان کی جانب سے تحریک انصاف کیلئے خدمات کا لحاظ رکھتے ہوئے ان کی ذا ت کے حوالے سے تمام تر تحفظات پیچھے رکھ کر ان کو پنجاب کابینہ میں جگہ دی گئی ہے اور اس سے قبل وہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے نمایاں امیدوار تھے ۔ انہوں نے کہا کہ علیم خان کے رئیل سٹیٹ کے کاروبار کے حوالے سے ماضی میں بھی مختلف الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے لیکن ان کی تحریک انصاف کیلئے ماضی کی خدمات کو سامنے رکھ کر یہ فیصلہ کیا گیا ہو گاکہ علیم خان کو ان الزامات کے باوجود ہر حال میں اکاموڈیٹ کرنا ہے ۔ ایاز میرنے کہا کہ جن لوگوں کو تحریک انصاف کی اے ٹی ایمز کہاں جاتاہے ان میں علیم خان بھی ایک نمایا ں اے ٹی ایم تھے لیکن اب ان سے کتنا مستفید ہوا گیا اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔