اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی چینلز کے لیے ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں 9مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ”ریاست مخالف جذبات کو بڑھاوا دینے اور وفاق پاکستان اور ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کرنے جیسی سرگرمیوں کی نہ صرف مذمت کی جانی چاہیے بلکہ ایسے افراد کا میڈیا پر بائیکاٹ بھی کیا جانا چاہیے۔“
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایسی تمام ریاست مخالف سرگرمیوں میں سیاسی جماعت کے جنونی افراد شامل ہیں، جنہوں نے نفرت انگیزی پھیلانے والوں کی طرح کا رویہ اپنایا اور سیاسی کارکنوں کو پرتشدد کارروائیوں پر اکسایا۔ یہ سب کچھ ریاست اور اس سے منسلک اداروں کو نقصان پہنچانے کے مذموم مقاصد کے تحت کیا گیا۔یہ ایک خطرناک رجحان ہے جس کی نہ صرف مذمت کرنے کی ضرورت ہے بلکہ ایسی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں ملوث افراد کا میڈیا پر بائیکاٹ بھی کیا جائے۔“






