اسلام آباد: (سچ نیوز) ملک بھر میں 72 واں یوم آزادی آج جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت کیخلاف پاکستان میں سبز ہلالی پرچم کیساتھ کشمیری پرچم بھی لہرائے جائینگے۔ قوم نہتے کشمیریوں سے یکجہتی دکھائے گی، بھارتی درندوں کو جنت نظیر وادی سے نکلنے کا پیغام پہنچائے گی، مظالم سے پردہ اٹھایا جائے گا، مودی کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھایا جائے گا۔
ہر کوئی اپنے گھر پر پاکستانی جھنڈا لہرا رہا ہے تو کوئی سبز ہلالی پرچم سے اپنا چہرہ سجا رہا ہے۔ بچوں نے گھروں کے صحن اور کمروں کو جھنڈیوں سے آراستہ کر لیا اور جشن آزادی پر پہننے کیلئے خصوصی لباس بھی تیار کر رکھے ہیں۔ وقت کم ہے اور مقابلہ سخت، ہر ایک کی کوشش کہ اپنے گھر، محلے اور بازار کو سب سے زیادہ سبز ہلالی پرچم سے سجایا جائے، بازاروں اور شاہراوں پر جگہ جگہ پاکستانی پرچم لہرانے لگے۔
وفاقی دارالحکومت سمیت صوبائی دارالحکومتوں میں سرکاری و نیم سرکاری دفاتر اور بازاروں و شاہراوں کو بھی سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیوں سے سجا دیا گیا۔ بازاروں میں جگہ جگہ سٹال لگا دیئے گئے ہیں جن میں پاکستانی پرچم کی ٹوپیاں، بیجز، ماسک سمیت دیگر اشیاء کی خریداری خوب زور و شور سے جاری ہے۔
جشن آزادی کے موقع پر کشمیری پرچم بھی نمایاں ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور عنقریب ہندوستان کے مظالم سے کشمیری بھائیوں کی آزادی کا جشن بھی منایا جائے گا۔ قوم نہتے کشمیریوں سے یکجہتی دکھائے گی، بھارتی درندوں کو جنت نظیر وادی سے نکلنے کا پیغام پہنچائے گی، مظالم سے پردہ اٹھایا جائے گا، مودی کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھایا جائے گا۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف کی یکجہتی کشمیر ریلی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے ڈی چوک میں بھرپور پاور شو کے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔
یوم آزادی کے سلسلے میں اسلام آباد کی مرکزی شاہراہیں پاکستان اور کشمیر کے پرچموں سے سجائی گئی ہیں۔ شہریوں نے بھی 14 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے منسوب کرنے کے حکومتی فیصلے کی تائید کی ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے راولپنڈی کے لیاقت باغ سے ڈی چوک تک کشمیر ریلی نکالی جائے گی۔ جس میں وفاقی وزراء اور اہم سیاسی شخصیات شریک ہوں گی۔ ڈی چوک کو خصوصی طور پر سجایا جارہا ہے۔
یوم آزادی پر دیگر جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے بھی ریلیوں اور تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف پرامید ہے کہ اسلام آباد کے شہری بڑی تعداد میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی میں حصہ لیں گے اور دنیا کو پیغام دیں گے کہ پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہیں۔