کرائسٹ چرچ (سچ نیوز )کرائسٹ چر چ سانحہ میں مجموعی طور پر 49 افراد شہید ہوئے جن میں 9 پاکستانی بھی شامل ہیں تاہم آج شہداءکو النور مسجد میں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو پر اذان اور جمعہ کا خطبہ نشر کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق النور مسجد میں نماز جمعہ کے موقع پر تمام افراد نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی تاہم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے ایک مقامی اخبار نے انتہائی شاندار اقدا م کر ڈالا ہے جس نے پوری مسلم دنیا کے دل جیت لیے ہیں ۔نیوزی لینڈ کے مقامی اخبار ” دی پریس ‘ ‘ نے سانحہ کرائسٹ چرچ کو ایک ہفتہ مکمل ہونے پر آج کوئی بھی خبر نشر نہیں کی بلکہ انہوں نے سفید رنگ کے بیک گراﺅنڈ پر کالے رنگ سے بڑے الفاظ میں ’ ’ سلام “ لکھا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا میں توجہ حاصل کر لی ہے اور اسے سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ شیئر کیا جارہاہے ۔یاد رہے کہ پاکستان کے شہری نعیم راشد اور ان کے بیٹے طلحہ دوسرے نمازیوں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہوئے اور دہشتگرد کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا جنہیں پاکستان نے کل یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان کے اعلیٰ سول اعزاز سے نوازنے کا اعلان بھی کر رکھاہے ۔ان کی بہادری اور جرات پر نیوزی لینڈ کی حکومت بھی عش عش کر اٹھی ہے تاہم آج ان کی میتیں اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی ہیں ، ان کی میتوں کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے پرچم میں لپیٹ کر اہل خانہ کے سپر د کیا گیا جبکہ اس موقع پر انہیں نیوزی لینڈ کے جوانوں کی جانب سے خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا ۔






