اسلام آباد(سچ نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور نو منتخب ممبر قومی اسمبلی فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کا پنجاب میں ایک فارورڈبلاک بن چکا ہے جو ہماری حمایت کرے گا،عمران خان کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے کیونکہ ’’ نو ٹو کرپشن‘‘ ان کا نعرہ ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن میں ایک فارورڈبلاک بن چکا ہے جو ان لوگوں پر مشتمل ہے جو مسلم لیگ ن کی پالیسیوں سے تنگ ہیں اور انہوں نے بغاوت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت 90 روزہ پروگرام لے کر آئے گی، تحریک انصاف کی کارکردگی اگر ٹھیک نہ ہوتی تو خیبر پختو نخواہ کے عوام دو تہائی اکثریت سے منتخب نہ کرتے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان کے ا نتخابات جیتنے کے بعد سیاستدان اور بیورو کرپٹس گھبرائے ہوئے ہیں کیونکہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف 22 سال جد وجہد کی ہے تو وہ کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی 35 سال تک روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ بیچتی رہی لیکن عوام کے لئے کچھ نہ کیا اور جب یہ لوگ انتخابات میں ہار جاتے ہیں تو دھاندلی کا رونا روتے ہیں، اگر دھاندلی ہوئی ہوتی تو پیپلزپارٹی کو سندھ میں اکثریت حاصل نہ ہوتی۔