مودی کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کیخلاف بغاوت ہے، شہباز شریف

لاہور: (سچ نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کیخلاف بغاوت قرار دیدیا ہے۔

لاہور میں خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں دن رات ظلم ہو رہا ہے، ہم سب نے کشمیر مسئلے پر تقسیم نہیں بلکہ اتحاد کی بات کرنی ہے۔

میاں شہباز شریف نے بھارتی وزیراعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کو قتل کیا، اس سے کشمیر مسئلہ حل کرنے کی توقع رکھنا بچگانہ سوچ تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، انہوں نے انتہائی گری ہوئی حرکت کی، عالمی برادری کو نہتے کشمیریوں کا ساتھ دینا چاہیے۔

قائد حزب اختلاف نے مطالبہ کیا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کیخلاف بغاوت کی ہے، عالمی ادارہ اپنی قراردادوں پر عمل کرائے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ثالثی کی پیشکش ٹرمپ کارڈ تھا یا ٹریپ کارڈ، آج عالمی برادری کیساتھ ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی امتحان ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو کشمیر مسئلے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کیلئے خط لکھا ہے تاکہ پوری دنیا میں ہماری ایک آواز جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی بندوق کی نوک پر کشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنا چاہتا ہے لیکن انڈین وزیراعظم کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

Exit mobile version