ممبئی (سچ نیوز) بالی وڈ اداکارہ سارہ علی خان مختلف انٹرویوز میں اداکار کارتک آریان کیلئے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرچکی ہیں اور دونوں کی جوڑی پہلی بار ’لو آج کل 2‘ میں جلوہ گر ہونے والی ہے۔فلم ’لو آج کل 2‘ ہدایت کار امتیاز علی کی 2009 میں ریلیز ہونے والی رومانوی فلم ’لو آج کل‘ کا سیکوئل ہے جو آئندہ برس 14 فروری کو ویلنٹائن ڈے پر ریلیز ہوگی۔فلم ’لو آج کل‘ میں مرکزی کردار سارہ علی کے والد سیف علی خان اور اداکارہ دپیکا پڈوکون نے نبھایا تھا اور اب فلم کے سیکوئل میں سارہ علی خان اور کارتک آریان مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے۔فلم کے سیکوئل کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے جس کے بعد سارہ علی نے انسٹاگرام پر سیٹ کی چند تصاویر پوسٹ کی اور مداحوں سے اپنے جذبات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خواب پورا ہوگیا ہے۔سارہ علی خان نے امتیاز علی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’ بہت شکریہ میرا خواب پورا کرنے کے لیے، آپ کے ساتھ سیٹ پر ہونا اعزاز کی بات تھی‘۔اداکارہ نے بتایا کہ’ 66 دنوں کی شوٹنگ مکمل ہوگئی جس کی بے شمار یادیں ہیں‘۔سارہ علی خان نے کارتک آریان کا بھی شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ا±نہوں نے ان کا عکس بندی کے دوران بہت خیال رکھا، ان کے ساتھ کافی سے لے کر چائے تک پینا وہ یاد کریں گی۔سارہ نے کارتک آریان کیلئے ایک بار پھر محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’جتنا تمہیں (کارتک) معلوم ہے یا میں نے اقرار کیا ہے اس سے کئی زیادہ یاد کروں گی، میری خواہش ہے کہ ہم دوبارہ ایک ساتھ کام کرپائیں‘۔ دوسری جانب کارتک آریان نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’66 دن بہت کم تھے یہ وہ فلم ہے جسے میں کبھی ختم نہیں کرنا چاہتا تھا اور اس سفر میں سارہ سے بہتر ساتھی کوئی ہو ہی نہیں سکتا‘۔اداکار نے مزید لکھا کہ وہ بار بار سارہ علی خان کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے۔ادھر اداکار رنویر سنگھ نے سارہ علی خان کو چھیڑتے ہوئے تبصرے میں لکھا کہ ’بھولنا نہیں سب سے پہلے کس نے ملوایا تھا‘۔رنویر سنگھ نے گزشتہ برس ایک تقریب میں دونوں اداکاروں کی پہلی ملاقات کروائی تھی اس وقت سارہ علی خان اپنی دوسری فلم ’سمبا‘ کی تشہیر کر رہی تھیں۔ واضح رہے کہ اداکارہ سارہ علی خان نے گزشتہ برس فلم ’کڈرناتھ‘ سے بالی وڈ فلم نگری میں قدم رکھا جس کے بعد متعدد انٹرویوز میں انکشاف کیا کہ کارتک آریان ان کے کرش ہیں اور وہ ان کے ساتھ ضرور کام کرنا چاہتی ہیں۔