ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز کیخلاف بھارت سرخرو

مانچسٹر: (ویب ڈیسک) ورلڈ کپ کے 34 ویں میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو بآسانی 125 رنز سے شکست دیدی۔ ہدف کے تعاقب میں ٹیم 143 پر ڈھیر ہو گئی۔ محمد شامی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم نے کوہلی کے 72 اور دھونی کے 56 رنز کی بدولت سکور 268 تک پہنچایا، روچ نے تین شکار کیے۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز

ہدف کے تعاقب میں کیریبین ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز کرس گیل اور ایمبرس نے کیا۔ پہلی وکٹ کرس گیل کی گری جنہوں نے 6 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر جادیو کو کیچ دیدیا۔ 16 کے مجموعی سکور پر وکٹ کیپر شائی ہوپ بھی 5 رنز بنا کر محمد شامی کی ہی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ تیسرا نقصان ایمبرس کی شکل میں ویسٹ انڈیز کو اٹھانا پڑا جب بیٹسمین 31 رنز بنا کر حریف باؤلر پانڈیا کی گیند پر ایل بی ڈیبیو ہو گئے۔

 چوتھا نقصان نکولس پوران کی صورت میں اٹھانا پڑا، بیٹسمین 28 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر محمد شامی کو کیچ دے بیٹھے، جیسن ہولڈر نے 6 سکور کی باری کھیلی اور چاہل کی گیند پر چلتے بنے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری بنانے والے کارلوس بریتھویٹ بمرا کی گیند پر کریز چھوڑنے پر مجبور ہوئے ۔ انہوں نے اس بار 1 رن بنائے۔ اسی اوور میں بمرا نے ایلن کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

ہیٹمائر 18 رنز بنا کر محمد شامی کا نشانہ بن گئے، راہول نے ان کا کیچ پکڑا۔ کوٹریل 10 رنز بنا کر چاہل کی گیند پر ایل بی ڈیبیو ہو گئے۔ تھامس کو بھی محمد شامی نے پویلین بھیجا۔ کیریبین ٹیم 143 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ محمد شامی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بمرا، چاہل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت کی اننگز
اس سے قبل بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز سینئر بیٹسمین روہت شرما اور لوکیش راہول نے کیا۔ دونوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی۔

چھٹے اوور کی آخری گیند پر کیماروچ کی شاندار گیند پر روہت شرما وکٹ کیپر بیٹسمین شائی ہوپ کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے انہوں نے 23 گیندوں پر 18 رنز بنائے، کپتان ویرات کوہلی اور لوکیش راہول نے اننگز کو آگے بڑھایا اور چند بہترین شارٹس کھیلے۔ دونوں کے درمیان 69 رنز کی شراکت داری بنی تاہم اوپنر 48 سکور پر حریف کپتان ہولڈر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

آل راؤنڈر وجے شنکر بھی زیادہ دیر کریز پر کھڑے ہو سکے اور 19 گیندوں پر 14 رنز بنا کر چلتے بنے۔ اس بار بھی وکٹ کیماروچ کے حصے میں آئی، چوتھی وکٹ کیدر جادیو کی گری جو 7 رن بنا کر کیماروچ کا شکار بن گئے، دھونی اور کوہلی نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 40 رنز کی پارٹنر شپ کا اختتام جیسن ہولڈر نے کیا جب بھارتی قائد 82 گیندوں پر 72 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ہر دیک پانڈیا نے 38 گیندوں پر 46 رنز کی باری کھیلی اور کوٹریل کی گیند پر ایلن کو کیچ دے بیٹھے۔ محمد شامی صفر پر کوٹریل کی گیند پر چلتے بنے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ایم ایس دھونی نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی اور 56 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 268 رنز بنائے۔ کیماروچ نے تین، ہولڈر اور کوٹریل نے 2.2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Exit mobile version