نئی دہلی(سچ نیوز)ہندوستان کی بڑی ریاست بہار میں قیامت خیز گرمی نے 56 لوگوں کی جان لے لی ،درجہ حرارت 46 ڈگری تک پہنچ گیا، مرنے والوں میں زیادہ تعداد بوڑھے افرادکی ہے۔
بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق بہار میں قیامت خیز گرمی نے تباہی مچا دی ہے ،شدید ترین گرمی میں لو لگنے کی وجہ سے اورنگ آباد، گیا اور نواد اضلا ع میں اب تک 56 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اورنگ آباد کے مختلف علاقوں میں 30 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ضلع گیا میں 19 اور ضلع نوادہ میں سات افراد کی موت ہو چکی ہے،بہار میں درجہ حرارت 46 ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ حکومت نے بھی ہیٹ ویو سے ہلاک ہونے والے 56 افراد کی تصدیق کی ہے ۔قیامت خیز گرمی سے ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر 60 سال سے زائد عمر کے لوگ شامل ہیں۔
اورنگ آباد کے سول سرجن ڈاکٹر سریندر کمار سنگھ کا کہنا تھا کہشدید گرمی کی وجہ سے ضلع میں لو کا قہر جاری رہا،ضلع کے مختلف علاقوں سے ہیٹ ویو سے متاثرہ 80 مریضوں کو علاج کے لئے صدر ہسپتال لایا گیا جن میں سے 30 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 10 افراد کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔