راولپنڈی(روزنامہ سچ
)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ کل ہماری حکومت کی مدت مکمل ہو جائے گی، آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے اقتدار نگران حکومت کے حوالے کر دیں گے۔
جی ایچ کیو میں شہدا کے اہلخانہ اور غازیوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ شہدا کے ورثا اور غازیان سے ملاقات باعث فخر ہے،شہدا اور غازیوں نے پاکستان کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں،14اگست کی آمد ہے، پاکستان 76سال کا ہو جائے گا۔
وزیراعظم کا کہناتھا کہ شہدا اس دنیا سے چلے گئے لیکن پاکستان کو محفوظ کر گئے،شہدا پاکستان کو دشمن کی میلی آنکھ سے ہمیشہ کیلئے بچا گئے،ہم نے شہدا کی قربانیوں کی دل سے قدر کرنی ہے، ان کاکہناتھا کہ ہمیں سکیورٹی کے لحاظ سے پاکستان کو محفوظ کرنا ہے،پاکستان جوہری طاقت، دشمن میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
وزیراعظم نے کہاکہ عوام منتظر ہیں پاکستان کب قرضوں سے جان چھڑا کر اپنے پاؤں پر کھڑا ہو گا، پاکستان مشکل ترین حالات سے نکل آیا ہے،ہم سب نے ملکر پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرنا ہے، حکومت اور اداروں نے ملکر ترقی و خوشحالی کا نظام وضع کر لیا ہے، ہم نے پاکستان کی زراعت کو ملکر ترقی دینی ہے، ہم وسائل کی بندر بانٹ کے بجائے، منصفانہ تقسیم کے نظام پر متحدہو جائیں،انہوں نے کہاکہ کل ہماری حکومت کی مدت مکمل ہو جائے گی، آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے اقتدار نگران حکومت کے حوالے کر دیں گے۔





