اسلام آباد(سچ نیوز )عام انتخابات 2018 میں آر ٹی ایس سسٹم کی ناکامی پرکابینہ ڈویژن نے تحقیقات کیلئے کمیٹی بنانے سے انکار کر تے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کے لئے وزیر اعظم سیکرٹریٹ کو خط لکھنا چاہیے اور اس حوالے سے کابینہ ڈویژن کی جانب سے الیکشن کمیشن کو جوابی خط لکھ دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت قانون نے الیکشن کمیشن کے خط پر رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کیلئے کابینہ ڈویژن کے بجائے براہ راست وزیراعظم سیکریٹریٹ کو خط لکھا جانا چاہیے تھا کیونکہ کابینہ ڈویژن کے پاس ایسی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت کابینہ ڈویژن الیکشن کمیشن کے احکامات کی پابند ہے ،کابینہ ڈویژن کو وزارت قانون سے رائے لینے کی ضرورت ہی نہیں تھی۔واضح رے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے روز آر ٹی ایس سسٹم کی ناکامی پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے اٹھائے جانے والے تحفظات کو دور کرنے اور اس سسٹم کی ناکامی کے ذمہ داروں کو تعین کرنے کیلئے کابینہ ڈویژن کو کمیٹی بنانے کیلئے خط لکھا تھا تاہم کابینہ ڈویژن کی جانب سے انکار کے بعد معاملہ التوا کا شکار ہوگیا ہے ۔