اسلام آباد(سچ نیوز ) وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی، جس دوران عمران خان نے کہا کہ ہمیں پنجاب کی عوام نے مینڈیٹ دیاہے اس لیے انہیں مایوس نہیں کرنا ہے ۔نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم عمران خان کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیا جب کہ اس موقع پر پنجاب کابینہ میں نئے ارکان کی شمولیت کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو 100 روزہ پلان کے حوالے سے آگاہ کیا اور کہا کہ پنجاب کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے اس لیے انہیں مایوس نہیں کرنا۔عمران خان نے ہدایت کی کہ پنجاب پولیس کے کلچر کو تبدیل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں اور پنجاب میں بھی خیبر پختونخواہ طرز کی اصلاحات لانا ناگزیر ہیں۔وزیراعظم نے سادگی اور کفایت شعاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسے اولین ترجیحات میں شامل رکھنا ہے۔