نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں ایک لڑکی کار حادثے میں شدید زخمی ہو کر بے ہوش ہو گئی اور جب ہسپتال میں ہوش میں آئی تو ایسا انکشاف ہوا کہ لڑکی ڈاکٹروں کو مبہوت دیکھتی رہ گئی۔ دی سن کے مطابق اس 18سالہ لڑکی کا نام لین بتایا گیا ہے جو خوفناک کار حادثے کا شکار ہو کر کوما میں چلی گئی۔ لین کو نہیں معلوم تھا کہ وہ ماں بننے والی ہے، تاہم جب اسے ہسپتال لیجایا گیا تو ڈاکٹروں نے اس کے حاملہ ہونے کا انکشاف کیا اور کہا کہ اس کے ہاں زچگی بہت ضروری ہے ورنہ بچے کی موت ہو سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق لین 32ہفتوں کی حاملہ تھی مگر اپنے حمل سے آگاہ ہی نہیں تھی۔وہ کوما میں ہی تھی جب ڈاکٹروں نے آپریشن کردیا اور اس کے ہاں ایک بیٹی کی پیدائش ہو گئی۔ جب وہ ہوش میں آئی تو ہسپتال کے عملے نے اس کی بچی لا کر اس کی گود میں دے دی، جس پر وہ حیران رہ گئی۔ جب نرسوں نے لین کو بیٹی لا کر دی تو اس نے نرسوں سے کہا کہ وہ غلطی سے کسی اور کی بچی لے آئی ہیں۔
لین کا کہنا تھا کہ ”اچانک بچی کو اپنی گود میں پا کر مجھے شدید جھٹکا لگا۔ مجھے یقین ہی نہیں آ رہا تھا کہ یہ میری بچی ہے کیونکہ میں جانتی ہی نہیں تھی کہ میں حاملہ ہوں۔ پہلے تو مجھے اس بچی کو دیکھ کر بہت عجیب لگ رہا تھا مگر ایک گھنٹے کے اندر مجھے اپنی بچی کے ساتھ محبت ہو گئی اور پھر ماں بننے کی جو خوشی میں نے محسوس کی، ایساخوش کن احساس مجھے زندگی میں کبھی کسی اور موقع پر نہیں ہوا تھا۔“






