نئی دہلی(سچ نیوز)بھارتی تحقیقاتی ادارہ اسرو خلائی مشن کی تیاری کیلئے کمر بستہ ہوگیا ہے۔وہ 7ماہ کے اندر 19خلائی مشن کا آغاز کریگا جن میں چندریان 2بھی شامل ہے۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق اسرو کے چیئرمین کے شیون نے بتایا کہ اسی ماہ سے 10سیٹلائٹ اور 9لانچنگ وہیکل پروگرام میں شامل ہیں۔ یہ تجربات ستمبر سے مارچ کے درمیان ہونگے اور ہرماہ 2تجربات کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ 15ستمبر سے پی ایس ایل وی سی 42اپنے ساتھ برطانیہ کے 2سیٹلائٹ نوواسر ار ایس 1-4کو اپنے ہمراہ لے جائیگا۔اسرو،اکتوبر میں ایم کے 3،ڈی 2لانچ کریگا۔یہ 4ٹن وزنی سب سے طاقتور راکٹ ہوگا۔اکتوبر ہی میں پی ایس ایل وی سی 43بھی لانچ کریگا ،وہیں جی سیٹ 7اے کی لانچنگ ہوگی جو فضائیہ کیلئے کافی مدد گار ہوگی۔ اسی طرح دسمبر میں بھی پی ایس ایل وی سی 44اور جی سیٹ 31راکٹ لانچ کئے جائیں گے۔رپورٹ کے مطابق آئندہ سال 3جنوری سے16فروری کے درمیان خلائی مشن پر چندر یان 2روانہ کیا جائیگا۔ جنوری میں ہی اسرو کا پی ایس ایل وی سی 45راکٹ اپنے ساتھ ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ ری سیٹ 2بی لے جائیگا۔ فروری میں پی ایس ایل وی سی 46راکٹ 2سیٹلائٹ کارٹو سیٹ 3اور نیمو اے ایم روانہ کیا جائیگا۔اسی طرح مارچ میں اسرو کی جانب سے ری سیٹ 2بی آر 1، ری سیٹ 2بی ، کارٹو سیٹ 3اور ری سیٹ 2بی آر 1سیٹلائٹ خلا میں بھیجے جائیں گے۔