لاہور (سچ نیوز) لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 73 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءخواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کے حکم کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءعثمان ڈار کا پہلا بیان سامنے آ گیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید نے عثمان ڈار کی درخواست پر این اے 73 میں کامیاب ہونے والے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن اور خواجہ آصف کو نوٹس بھی جاری کئے جس پر تبصرہ کرتے ہوئے عثمان ڈار نے اسے قانون اور حق کی فتح کی جانب پہلا قدم قرار دیا۔
عثمان ڈار نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ”اللہ الحق ہے، میرے حلقے میں تقریباً ساڑھے سات ہزار ووٹ مسترد ہوئے جو کہ غیر معمولی عمل ہے۔ یاد رہے کہ این اے 73 سیالکوٹ میں غیر قانونی روئیے پر ایک ریٹرننگ افسر گرفتار بھی ہو چکا ہے۔ دوبارہ گنتی قانونی حق ہے اور انشاءاللہ حق کی فتح ہو گی۔“
واضح رہے کہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 73 سیالکوٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے تحریک انصاف کے عثمان ڈار کوشکست دی تھی۔ عثمان ڈار نے دوبارہ گنتی کیلئے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسرنے فارم 45پولنگ ایجنٹس کوفراہم نہیں کیا،خواجہ آصف سے صرف 1406 ووٹوں سے شکست ہوئی،اس لئے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روکنے کا حکم دیا جائے۔
اللہ الحق ہے۔ میرے حلقے میں تقریباً ساڑھے سات ہزار ووٹ مسترد ہوئے جو کہ غیر معمولی عمل ہے۔ یاد رہے کہ NA73 سیالکوٹ الیکشن میں غیر قانونی رویے پر ایک ریٹرننگ آفیسر بھی گرفتار ہوچکا ہے۔ ری کاؤنٹنگ قانونی حق ہے’ انشاءاللہ حق کی فتح ہوگی۔ pic.twitter.com/bJeexuvedJ
— Usman Dar (@UdarOfficial) August 6, 2018