اسلام آباد: (سچ نیوز) پاکستان کے دورے پر آئے ہمسایہ ملک افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے خطے میں امن وسلامتی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے افغانستان کے صدر ڈاکٹر اشرف غنی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر افغان صدر نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کی اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے مسلم لیگ (ن) کے منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہ نواز شریف نے خطے کے امن وسلامتی میں اہم کردار ادا کیا۔
افغان صدر نے اپوزیشن لیڈر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سے 1980ء میں پہلی ملاقات ہوئی تھی، یہ تعلق آج بھی رواں دواں ہے۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بے حد شکرگزار ہیں کہ آپ نے انتہائی مصروفیت کے باوجود ہمیں ملاقات کی دعوت دی۔ پاکستان آمد پر آپ کا خیرمقدم اور خوش آمدید کہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی ہم سب کا خواب ہے۔ افغان عوام اور پاکستان کے لوگ افغانستان میں بدامنی کی وجہ سے بہت تکالیف اور مشکلات جھیل چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانوں کا دوسرا گھر ہے، ہم آپ کو افغان صدر ہی نہیں بلکہ اپنا محترم بھائی بھی تصور کرتے ہیں اور آپ کا بے حد احترام کرتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے نیک تمناؤں اور خیر سگالی کا پیغام افغان صدر کو پہنچایا اور کہا کہ وہ آپ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کی خوبصورت یادوں کو نہایت مسرت سے یاد رکھتے ہیں۔
انہوں نے افغان صدر اشرف غنی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ افغانستان کے صدر ہونے کے علاوہ ماہر تعلیم، ایک سوشل سائنٹیسٹ، لکھاری اور سٹیٹس مین بھی ہیں۔ افغانستان میں امن اور خطے میں مثبت صورتحال کو پروان چڑھانے میں آپ کے کردار کی تحسین کرتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ملاقات کی اور پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور افغان صدر کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے افغان پیس پراسس کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر فرحت اللہ بابر اور شیری رحمان بھی موجود تھیں۔