ممبئی (سچ نیوز) دنگل اور سیکرٹ سپر سٹار جیسی سپرہٹ فلموں سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی بالی ووڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے منیجر کی جانب سے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس ہیک ہونے کے کیے جانے والے دعویٰ کی تردید کردی۔ اداکارہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان کا کوئی بھی سوشل میڈیا اکاﺅنٹ ہیک نہیں ہوا ہے اور وہ اپنے تمام اکاﺅنٹس خود ہی ہینڈل کر رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے بیانات پر توجہ نہ دی جائے جو اس قسم کے دعووں پر مبنی ہوں یا ان کے پہلے دیے گئے بیان کی تردید پر مبنی ہوں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل زائرہ وسیم کے منیجر نے ایک بھارتی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکارہ کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس ہیک کرلیے گئے ہیں جس کی فیس بک اور انسٹاگرام کو شکایت کردی گئی ہے۔ دنگل فلم سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے والی کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم نے اتوار کے روز بالی ووڈ انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ اداکارہ نے کہا تھا کہ بالی ووڈ کی وجہ سے وہ اللہ سے دور ہوگئی ہیں اور ان کا ایمان خطرے میں ہے جس کے باعث انہوں نے انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اداکارہ نے اپنے فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر یہ پوسٹ کرنے کے بعد سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر موجود اپنی تمام تصاویر بھی ڈیلیٹ کردی تھیں۔