موغا دیشو (سچ نیوز) افریقہ کے مسلمان ملک صومالیہ میں دہشتگردوں نے ایک ہوٹل پر حملہ کرکے ایک سینئر صحافی اور غیر ملکیوں سمیت 26 افراد کو ہلاک کردیا۔جنوبی صومالیہ کے ساحلی شہر پورٹ آف کسمایو میں ایک خود کش حملہ آور نے اثاثے ہوٹل سے بارود سے بھری ہوئی گاڑی ٹکرائی جس سے ہونے والے دھماکے کے بعد مسلح افراد ہوٹل میں داخل ہوگئے۔ جس وقت ہوٹل پر حملہ کیا گیا اس وقت مقامی سیاستدان اور قبائلی مشران ہوٹل میں موجود تھے جو آئندہ الیکشن کی حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے اکٹھے ہوئے تھے۔
ٹوئٹر@JamalMOsman
دہشتگردی کی اس واردات میں سینئر خاتون صحافی ہودان نالیہ اور ان کے شوہر فرید سمیت 26 افراد ہلاک ہوئے ۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک مقامی سیاستدان، 3 کینیا کے شہری، 3 تنزانیہ ، 2 امریکی اور ایک برطانوی شہری شامل ہے۔دہشتگرد تنظیم الشباب کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے ۔ حکومتی فورسز کو دہشتگردوں سے ہوٹل خالی کرانے میں 12 گھنٹے سے زائد کا وقت لگا۔خیال رہے کہ مشرقی افریقہ کے تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ آبادی کے ملک صومالیہ طویل عرصے سے خانہ جنگی کا شکار ہے جہاں الشباب جیسی دہشتگرد تنظیمیں ہر روز لاشیں گرا رہی ہیں۔ یہاں کی 99 اعشاریہ 8 فیصد آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے۔