برازیلیا (سچ نیوز) برازیل کی ایک جیل میں ہنگامہ آرائی کے دوران 52 افراد ہلاک ہوگئے ۔ ہلاک ہونے والوں میں 16 افراد ایسے ہیں جن کے سر قلم کیے گئے ہیں جبکہ درجنوں قیدیوں کو ان کے سیلز میں ہی زندہ جلادیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہنگامہ آرائی کا واقعہ شمالی برازیل کی الٹاماریا جیل میں پیش آیا۔قیدیوں نے سکیورٹی فورسز کی جیل میں آمد روکنے کیلئے ایک حصے کو آگ لگادی جس کے بعد خون کی ہولی کھیلی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے لڑائی ہوئی جس کے بعد قیدیوں نے ایک دوسرے پر حملہ کردیا۔ اس ہنگامہ آرائی میں قیدیوں نے خنجر کی طرح تیز کیے گئے ٹوتھ برشوں کا استعمال کیا اور ایک دوسرے کے گلے کاٹ دیے۔خیال رہے کہ جنوبی امریکہ کا ملک برازیل ، امریکہ اور چین کے بعد قیدیوں کی آبادی کے اعتبار سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔ یہاں جیلوں میں ساڑھے 7 لاکھ سے زائد قیدی موجود ہیں جن میں آئے دن اسی طرح کی لڑائیاں ہوتی رہتی ہیں۔جنوری 2017 میں بھی منشیات فروشوں کے 2 گروپوں میں آپس میں جنگ ہوئی تھی جو 3 ہفتے تک جاری رہی اور اس میں 150 قیدی اپنے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ رواں برس مئی میں بھی ایک جیل میں 15 قیدیوں کو ٹوتھ برشوں کو بطور ہتھیار استعمال کرکے قتل کردیا گیا تھا۔