نئی دلی(سچ نیوز)نئی دلی میں زیر تعلیم کشمیری طلباء اور مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والوں نے آئین کی دفعہ 370کی منسوخی کے مذموم بھارتی اقدام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے کہاہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں نافذ پابندیاں فوری طو ر پر اٹھا لے۔نئی دہلی کے جنتر منتر میں ہونے والے مظاہر ے میں دلی یونیورسٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ ، جواہر لال نہرو یونیورسٹی اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم کشمیری طلباء اور مختلف پیشوں سے منسلک کشمیری شریک تھے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے کی آزادی کے حق پر پابندی کی طرف توجہ دلانے کیلئے اپنے منہ پر علامتی طور پر سیاہ پٹیاں باند ھ رکھی تھیں جبکہ ہاتھوں میں پلے کارڑز اٹھا رکھے تھے ۔ جموں خطے کے ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم قمر چودھری نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ وہ گزشتہ چھ روز سے اپنے اہلخانہ کے ساتھ بات نہیںکر سکے کیونکہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں ذرائع ابلاغ کی تمام سہولیات معطل کر رکھی ہیںاور سخت پابندیاں اور کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ ایک اور طالب علم فائق فیضان کا کہنا تھا کہ نئی دلی اور بھارت کے دیگر شہروں میں پڑھنے والے طلباء اور تاجر مقبوضہ علاقے میں فون سروس کی مسلسل معطلی کے باعث اپنے گھر والوں کیساتھ بات کرنے سے قاصر ہیں لہذا انکا مطالبہ ہے کہ ذرائع ابلاغ کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔ انہوںنے بھارتی شہروں میں موجود کشمیری طلباء اور دیگر کی سلامتی کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔ ضلع اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی ماہر نفسیات Sharikaنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور جمہوری اصول و ضوابط سے شدید خطرے سے دوچار ہیں۔