لاہور(سچ نیوز)بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے قریبی ساتھی ،تحریک پاکستان کے معروف کارکن اور مسلم لیگ ن کے سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی کے والد سید احمد سعید کرمانی ایڈووکیٹ کو میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ،نماز جنازہ میں سیاسی و مذہبی شخصیات اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد میں شر کت ۔تفصیلات کے مطابق تحریک پاکستان کے مشہور کارکن، قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھی اور ملک کے معروف قانون دان سید احمد سعید کرمانی جو آج طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے انہیں میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔سید احمد سعید کرمانی ایڈووکیٹ مسلم لیگ کے مرکزی رہنما تھے اور بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے معاون بھی تھے۔وہ ایوب خان کے دور میں کئی سال تک وفاقی وزیر رہے ،اس کے علاوہ1970کی دہائی میں مصر میں پاکستان کے سفیر کے طور پر بھی فرائض انجام دئیے ۔وہ سن اسی کی دہائی میں لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر سمیت کئی اہم عہدوں پر فائز رہے۔معروف وکیل اور تحریک پاکستان کے کارکن سید احمد سعید کرمانی نے 1960 کی دہائی میں مسلم لیگ کے صدر کے عہدے پر بھی اپنی خدمات انجام دیں۔احمد سعید کرمانی 1957 میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے وکیل بنے اور اپنی ریٹائرمنٹ تک یہاں خدمات انجام دیں۔وہ گذشتہ کئی سالوں سے شدید علیل تھے اور عمر کے آخری حصے میں بڑی حد تک اپنی یاداشت بھی کھو چکے تھے ،ان کے صاحبزادے ڈاکٹر آصف سعید کرمانی سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ترجمان اور سیکرٹری کی حیثیت سے فرائض سر انجام دیتے رہے ہیں جبکہ حالیہ سینیٹ کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ سے وہ سینیٹر بھی منتخب ہوئے ہیں۔سید احمد سعید کرمانی کی نماز جنازہ لاہور کے میانی صاحب قبر ستان میں ادا کی گئی جس میں قانون دانوں ،سیاسی اور مذہبی شخصیات اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی بعد ازاں انہیں میانی صاحب میں ہی سپرد خاک کر دیا گیا ۔