اسلام آباد:(سچ نیوز) اسلام آباد سے اغواء ہونے والے ایس پی خیبرپختونخواہ طاہر خان داوڑ کو افغانستان میں قتل کر دیا گیا۔ افغان وزارت خارجہ نے تصدیق کر دی۔ ایس پی طاہرخان کی لاش ننگرہار کے ضلع دربابا کے لوگوں کو ملی جو جلال آباد میں افغان حکام کو پہنچائی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایس پی طاہر خان کی لاش ننگرہار کے ضلع دربابا کے لوگوں کو ملی، لاش کے ساتھ طاہر خان داوڑ کا سروس کارڈ بھی برآمد ہوا جس کے بعد لاش جلال آباد میں افغان حکام کو پہنچائی گئی۔ ترجمان نے کہا ہے کہ لا ش ابھی تک جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کو موصول نہیں ہوئی۔ ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش طورخم بارڈر کے ذریعے پاکستان منتقل کی جائے گی۔
دووسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیم پشاور پہنچ گئی، ٹیم ایس پی طاہر داوڑ کی میت آنے کے بعد قانونی کاروائی مکمل کرے گی۔ ذرائع کے مطابق اغواء کے مقدمے میں تبدلی کر کے قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی جائیں گی۔ ایس پی طاہر داوڑ کے اغوا کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج ہے۔